ملک بھر میں مون سون کا ہیوی سپیل جاری ہے، لاہور، ملتان، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ بہاولپور اور لیہ میں بادل برس پڑے۔لاہور کے علاقے گلبرگ، کلمہ چوک اور مغل پورہ کیعلاقوں میں بارش ہوئی، گڑھی شاھو، لکشمی چوک میں بھی گرج برس ہوئی، فیروز پور روڈ، جوہر ٹائون اور علامہ اقبال ٹائون کے علاقوں میں بادل جم کر برسے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش ہوئی، گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، ہنگو میں بادل جم کر برسے، ہری پور میں طوفانی بارش کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، متعدد سڑکیں آمدورفت کیلئے بند کردی گئیں، کراچی میں بادلوں کے ڈیرے رہے، رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔قلات میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، نشیبی علاقے ڈوب گئے، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا، این ڈی ایم اے نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا۔کوہ سلیمان سے نکلنے والی 7 برساتی ندیوں میں طغیانی، شکر گڑھ کے نالہ بئیں میں درمیانے درجے کا سیلاب آگیا
علاقے میں پھنسے چرواہوں اور مویشیوں کو نکال لیا گیا۔پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جان سے گئے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ24گھنٹوں می اسلام آباد ،پنجاب ،خیبر پختو نخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کاکو ل میں 31 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ بالاکوٹ اور مانسہرہ میں 40، 40 ملی میٹر، ایبٹ آباد 31، مالم جبہ17 اور بنوں میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پیر کو مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ میں موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی جہاں گائوں مانگلی میں 8 سال کے بچے کے ساتھ حادثہ پیش آیا جو برساتی نالے میں ڈوب گیا، بچے کی تلاش جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی