i پاکستان

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک، میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکانتازترین

May 23, 2025

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے،اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور ڈیرہ غازی خان میں بارش ہونے کی توقع ہے۔ دیر، سوات، کوہستان، بٹ گرام، صوابی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کرم خیبر اور کوہاٹ میں چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ژوب، موسی خیل، بارکھان اور گرد و نواح میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر شدید گرمی کی لپیٹ میں آ چکا ہے اور پارہ 43 ڈگری تک جانے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ دوپہر کے وقت لاہور میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے ، گزشتہ روز لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا

جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اگلے 2سے 3روز تک موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرمی سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں، دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپیں اور بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں خاص طور پر بزرگ افراد، بچے اور بیمار افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دریں اثنا نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں موسم کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے ڈاکٹر طیب شاہ کے مطابق گزشتہ سال بھی گرمی کی شدت زیادہ تھی اور اس سال بھی جاری ہے، پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں موسم کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ڈاکٹر طیب شاہ نے بتایا کہ ہمارے ملک میں الاسکا کے کم ترین درجہ حرارت سے لے کر سہارا ڈیزرٹ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت پڑ رہا ہے، جب درجہ حرارت کی ویری ایشین بہت زیادہ ہوگی تو موسم میں شدت آنا معمول بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو یا سیلابی صورتحال کی پیشگوئی کرتے ہیں، موسم کی شدت کے لحاظ سے ایک گائیڈ لائن بنائی جاتی ہے، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو تمام صورتحال سے آگاہ کردیا جاتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی