ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں پروازوں کی آمد و رفت میں تاخیر اور بعض کی روانگی منسوخ ہو گئی۔ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق خراب موسم کے باعث 3 پروازوں کو متبادل ائیرپورٹس پر لینڈ کرایا گیا جبکہ 3 پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔قومی ائیرلائن کی پرواز PK-734 جو پیرس سے لاہور آ رہی تھی، اسے موسم کی خرابی کے باعث ملتان میں لینڈ کرایا گیا۔نجی ائیرلائن کی پرواز 674 جو کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی روانگی کے بعد موسم خراب ہونے پر واپس کراچی بلا لی گئی۔اسی طرح نجی ائیرلائن کی پرواز ER-852، جو جدہ سے پشاور جارہی تھی، کو موسم کی خرابی کی وجہ سے لاہور میں اتار دیا گیا۔اسلام آباد ائیرپورٹ پر 26 پروازیں ایک سے7 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں۔کراچی ائیرپورٹ پر 16 پروازوں کو ایک سے 5 گھنٹے تک تاخیر کا سامنا رہا، اسی طرح کراچی سے لاہور کی 7 پروازیں ایک سے 10 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ادھر لاہور ائیرپورٹ پر 12 پروازیں ایک سے 14 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں جبکہ پشاور، اسکردو، کوئٹہ، ملتان اور سیالکوٹ کی 15 پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی