پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے حواس پر بلاول بھٹو سوار ہیں، مسائل کی نشاندہی کرنے والوں کو مریم نواز پنجاب دشمن کہتی ہیں، پنجاب کی سیکڑوں کلو میٹر اراضی سیلابی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، وزیر اعلی عوام کو بچانے میں ناکامی چھپانے کیلئے نسل پرستانہ سوچ اپنا رہی ہیں۔اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ میں پنجابی ہوں، پنجابی عوام مریم نواز کے ساتھ نہیں کھڑے، سیلاب سے اربوں کا نقصان ہوا انہیں کسان کے بجائے رضی دادا یاد آرہے ہیں، عوام جلسے نہیں بلکہ لوکل گورنمنٹ الیکشن مانگتے ہیں۔ندیم افضل چن نے کہا کہ مریم نواز کی ترجیحات سیلف پروجیکشن اور عوام کی توجہ مسائل سے ہٹانا ہے، ملک پر فوڈ سیکیورٹی بحران کا خطرہ منڈلا رہا ہے جس کی ذمہ دار وہ خود ہیں۔پی پی رہنما نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گندم کی سپورٹ پرائس مقرر نہیں کی، سندھ حکومت نے کہا ہم سپورٹ پرائس مقرر کرتے ہیں، آئی ایم ایف کو سامنے رکھ کر ہمیں سپورٹ پرائس مقرر نہیں کرنے دی گئی، پنجاب سے خیبرپختونخوا گندم نہیں جانے دی جارہی، پنجاب سے کے پی گندم نہ جانے سے وہاں آٹا مہنگا ہے۔ندیم افضل چن نے کہا کہ گنے کا کرشنگ سیزن آنے والا ہے اور یہ چینی امپورٹ کرنے جارہے ہیں، بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جارہے جو ہمارا مطالبہ ہے، بی آئی ایس پی ڈیٹا بے شک استعمال نہ کریں لیکن متاثرین کی مدد تو کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی