i پاکستان

مسجد اقصی پر اسرائیلی وزرا کا دھاوا انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر حملہ ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی مذمتتازترین

August 04, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی انتہا پسند وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بن گویر کی مسجد اقصی پر مسلح دھاوے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور مشرق وسطی میں قیام امن کی کوششوں کے لیے سنگین خطرہ ہے جبکہ یہ انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر حملہ ہے۔سماجی رابطوں کے نیٹ ورک ایکس (سابقہ ٹوئٹر)پر ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک کی یہ بے حرمتی نہ صرف ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے عقیدے کی توہین ہے بلکہ بین الاقوامی قانون اور انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر بھی براہ راست حملہ ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قابض طاقت کی طرف سے اس طرح کی منظم اشتعال انگیزیاں امن کے امکانات کو نقصان پہنچاتی ہیں، اسرائیل کے بیشرمانہ اقدامات جان بوجھ کر فلسطین اور وسیع خطے میں تنا کو ہوا دے رہے ہیں اور مشرق وسطی کو مزید عدم استحکام اور تنازعات کے قریب دھکیل رہے ہیں۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق غزہ میں فوری جنگ بندی، تمام جارحیت کے خاتمے اور ایک قابل اعتماد امن عمل کی کوششوں پر زور دیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی