i پاکستان

نائب وزیر ا عظم اسحاق ڈار کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقاتتازترین

July 15, 2025

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی چین کے صدر شی جن پنگ سے مشترکہ ملاقات میں پاکستان کی نمائندگی کی۔چینی صدر نے وفود کے سربراہان کا خیرمقدم کرتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو یوریشیائی خطے اور دنیا کی بڑی آبادی پر محیط ایک تنظیم ہے۔قبل ازیں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے۔بیجنگ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال عوامی جمہوریہ چین کی وزارت خارجہ کی ایشیائی امور کے شعبے سے سفیر مس یو ہونگ، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل الرحمن ہاشمی اور چینی وزارت خارجہ کے اعلی حکام نے کیا۔سرکاری دورہ چین کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔شنگھائی تعاون تنظیم 2001 میں قائم کی گئی تھی اور اس کے رکن ممالک میں چین، روس، بھارت، پاکستان، ایران، قازقستان، کرغزستان، ازبکستان، تاجکستان اور بیلاروس شامل ہیں۔تنظیم کا علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچہ سیکیورٹی کے شعبے میں ایک مرکزی ادارہ سمجھا جاتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی