وفاقی آئینی عدالت نے نگراں حکومت دور کے تعینات ملازمین کی برطرفی کے خلاف حکومت خیبر پختونخوا کو نوٹس جاری کر دیا۔کیس کی سماعت جسٹس حسن رضوی کے دو رکنی بینچ نے کی، وکیل خوشحال خان نے کہا کہ نگراں حکومت میں میرے موکل کو تمام تقاضے پورے کرنے کے بعد بھرتی کیا گیا، موجودہ خیبرپختونخوا حکومت نے اقتدار میں آ کر ملازمین کو برطرف کردیا۔جسٹس حسن رضوی نے ریمارکس دئیے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے ملازمین برطرفی ایکٹ صوبائی اسمبلی سے منظور کروایا، انہوں نے استفسار کیا کہ ملازمین برطرفی قانون کب منظور ہوا۔جسٹس حسن رضوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا ملازمین برطرفی قانون 2025 میں منظور ہوا، آپ کے موکل کی بنیاد صوبائی حکومت کا نیا قانون ہے، منتخب حکومت نے اقتدار میں آ کر ایک پالیسی تشکیل دی۔عدالت نے محکمہ ہائی ایجوکیشن اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو نوٹس کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی