شہر قائد کے علاقے نیو کراچی کے ایک گھر سے 27 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے مبینہ طور پر تشدد سے ہلاک کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق نیو کراچی سیکٹر فائیو جی میں واقع خضرا مسجد کے قریب ایک گھر سے 27 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکاروں نے لاش تحویل میں لے لی، متوفی کی شناخت محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے، لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق حسین اپنے چھوٹے بھائی سلمان کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا، سلمان نے بیان دیا ہے کہ صبح کام پر جاتے وقت بھائی حسین گھر میں سورہا تھا۔چھوٹے بھائی نے بتایا کہ جب شام کو کام سے واپس آیا تو حسین کی لاش کمرے میں پڑی ملی، حسین پان کا ٹھیہ لگاتا تھا اور غیر شادی شدہ تھا۔ابتدائی تحقیقات میں پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر لگتا ہے کہ حسین کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا ہے،تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے آنے کے بعد ہی واضح ہوگی۔علاوہ ازیں کراچی کے علاقے ملیر سٹی نادراآفس کے قریب چاقو کے وار سے ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، زخمی کی شناخت سعید احمد کے نام سے ہوئی جسے طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا، مزید تحقیقات جاری ہیں، جس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی