پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو کمسن بہنوں کی موت کا ڈراپ سین ہوگیا جہاں ماں ہی قاتل نکلی۔پولیس حکام کے مطابق 48 روز قبل دو کمسن بہنیں کرنٹ لگنے سے جاں بحق قرار دی گئی تھیں، بعدازاں پولیس نے ماں یاسمین کو بچیوں کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا۔ڈی پی او عبادت نثار کے مطابق ملزمہ یاسمین نے دونوں بیٹیوں کو گلا دبا کر قتل کیا، ابتدائی بیان میں ملزمہ نے واقعے کو کرنٹ لگنے کا حادثہ ظاہر کیا تھا۔عبادت نثار نے بتایا کہ گھریلو جھگڑے کے باعث بیٹیوں کو قتل کیا گیا، 14 اگست کو 7 سالہ امان فاطمہ اور 4 سالہ دعا فاطمہ مردہ پائی گئی تھی۔اس سے قبل لاہور کے علاقے جنوبی چھانی میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جہاں ماں نے تین سالہ بیٹی کو قتل کر دیا تھا، مقتولہ کے والد سفیان کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔مقدمے کے متن کے مطابق سفیان کی پہلی بیوی سے تین بچے تھے جس کا انتقال ہوگیا جس کے بعد سفیان نے علینا سے دوسری شادی کی جو بچوں پر تشدد کرتی تھی، علینہ تین سالہ حریم کو مار رہی تھی اچانک بچی کا والد پہنچ گیا۔بچی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی