وفاقی حکومت نے کراچی حیدرآباد پیکج کے تحت ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان قومی اسمبلیکیلئے 20 ارب روپے جاری کر دئیے۔ایم کیو ایم پاکستان کے کراچی اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے اپنے اپنے علاقوں کی ترقیاتی اسکیمیں پاکستان انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(پی آئی ڈی سی ایل) کے پاس جمع کرا دی ہیں جس نے ان کاموں کی اسکروٹنی مکمل کر لی ہے۔سی ڈی ڈبلیو پی سے یہ اسکیمیں گزر چکی ہیں اور جلد ایکنک سے منظوری کے بعد ٹینڈرنگ کا عمل شروع کر دیا جائے گا، یہ فنڈ کراچی کے لیے 15ارب اورحیدرآباد کیلئے 5 ارب روپے مختص کیا گیا ہے، اس فنڈ سے فلائی اوور، پانی سوریج اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور عوامی دلچسپی کے دیگر منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔پی آئی ڈی سی ایل ذرائع نے ناصرف یہ ترقیاتی فنڈ اکائو نٹ میں منتقل ہونے کی تصدیق کی بلکہ بتایا کہ مسلم لیگ ن کے خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کیلئے بھی 3ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ وفاق سے موصول ہو گیا ہے جبکہ سیپ کی مد میں 3 ارب روپے کا فنڈ الگ سے آیا ہے۔اس طرح مجموعی طور پر 26 ارب روپے کی رقم جاری ہوئی ہے 20ارب کے علاوہ سیپ کے تحت پہلے ہی کراچی میں ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کو فی رکن 25کروڑ روپے کا فنڈ دیا گیا ہے، ان اسکیموں کے کراچی میں 400 میں سے 100 کے قریب ٹینڈر اور ٹھکیداروں کو ورک آڑدر دینے کا عمل مکمل ہو چکا ہے، کراچی کیلئے وفاقی حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے اس فنڈ سے شہر میں آئندہ کچھ عرصے میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام ہوتے نظر آئیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی