وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے پوپ لیو چہار دہم کے انتخاب پر دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پوپ کا انتخاب دنیا بھر میں کروڑوں مسیحیوں کے لیے بہت بڑی روحانی اہمیت کا موقع ہے۔ جمعہ کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب ایسے موقع پر ہوا ہے جب دنیا کو بہت سے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔دنیا کو امن، سماجی انصاف، انسانی وقار اور رحمدلی کے حق میں طاقتور ترین آوازوں کی ضرورت ہے۔پاکستان مسیحی برادری کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں فروغ دینے کا عزم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی،باہمی احترام اور امن اور انسانی وقار کے پرامن فروغ کے مشترکہ مقاصد کے لئے پرعزم ہے ۔ نئے پوپ کا انتخاب دنیا بھر کیکروڑوں افراد کے لئے امید اور توقعات کا نیاباب ہے۔امید ہے پوپ لیو چہار دہم بین المذاہب ہم آہنگی اور دنیا میں امن کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی