پاکستان رینجرز اور فرنٹیئر کور (ایف سی ) سمیت تمام سول آرمڈ فورسز کے سروس اسٹرکچر کو یکساں کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کیلئے وزیر مملکت برائے داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کا شریک چیئرمین وفاقی سیکریٹری داخلہ کو مقرر کیا گیا ہے، کمیٹی سول آرمڈ فورسز کے سروس اسٹرکچر کو یکساں بنانے کے منصوبے پر کام کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے پر عملدرآمد سے رینجرز، ایف سی سمیت تمام سول آرمڈ فورسز میں رینک، تنخواہ، الانسز ایک جیسے ہوجائیں گے، کمیٹی میں وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری کو بطور رکن شامل کیا گیا ہے۔کمیٹی میں وزارت خزانہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ڈائریکٹوریٹ ملٹری آپریشنز کے نمائندے بھی شامل ہیں، وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری کمیٹی کے سیکریٹری ہوں گے، تمام سول آرمڈ فورسز کو کمیٹی میں نمائندگی دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی سول آرمڈ فورسز کے سروس اسٹرکچر کو یکساں کرنے کا قابل عمل روڈ میپ تجویز کرے گی، سول آرمڈ فورسز میں پنجاب رینجرز، سندھ رینجرز ، خیبر پختونخوا کی ایف سی نارتھ اور بلوچستان کی ایف سی ساتھ شامل ہیں۔پاکستان کوسٹ گارڈز، گلگت بلتستان اسکاٹس، فیڈرل کانسٹیبلری بھی سول آرمڈ فورسز میں شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی