i پاکستان

وزیراعلی بلوچستان کو ہار پہنانے پر جے یو آئی نے رکن اسمبلی کی پارٹی رکنیت معطل کر دیتازترین

July 02, 2025

بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعت جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) نے وزیراعلی کو پھولوں کا ہار پہنانے پر اپنے ایک رکن اسمبلی کی پارٹی رکنیت معطل کر دی ۔ یہ واقعہ 23 جون کو بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران اس وقت پیش آیا جب وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی بجٹ تقریر کر رہے تھے،اس دوران جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے زابد ریکی اپنی نشست سے اٹھے اور سرفراز بگٹی کو پھولوں کا ہار پہنایا اور ان پر پھولوں کی پتیاں بھی نچاور کیں۔زابد ریکی نے بعد میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن کا رکن ہونے کے باوجود وزیراعلی کو ہار اس لیے پہنا رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ان کے حلقہ انتخاب ضلع واشک کے لیے بجٹ میں تاریخی ترقیاتی منصوبے شامل کیے ہیں،ان کے مطابق ماضی میں واشک کو مسلسل نظرانداز کیا جاتا رہا ہے، زابد ریکی کے اس اقدام پر جے یو آئی کے دیگر ارکان اسمبلی نے تو کوئی مخالفت نہیں کی تاہم پارٹی کی صوبائی قیادت اور کارکنوں نے اعتراض اٹھایا۔جے یو آئی کے کارکنوں اور عام صارفین نے سوشل میڈیا پر زابد ریکی پر تنقید کی،ناقدین کے مطابق جام کمال کی حکومت کوجے یو آئی نے اپوزیشن جماعت کی حیثیت سے ٹف ٹائم دیا لیکن اس اسمبلی میں جے یو آئی فرینڈلی اپویشن کا کردار نبھاتے ہوئے نظر آرہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی