امریکا نے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی کردار نہ ہونے سے متعلق بھارتی دعوے کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دے دیا۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اکثر تبصرے خود اپنی وضاحت کر دیتے ہیں، حقیقت جاننے کیلئے جدید دور میں آپ کسی ایک تبصرے پر انحصار نہیں کرتے، بعض لوگوں کی رائے غلط ہوتی ہے، صدر ٹرمپ نے یہ بات آسان بنا دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی پاک بھارت مذاکرات میں شامل تھے اور ان کا کردار تسلیم کیا جانا چاہیے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ غزہ میں پیش رفت کے حوالے سے پر امید ہیں، امریکا کی توجہ اس وقت غزہ میں جنگ بندی پر مرکوز ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر غزہ کے حوالے سے نئی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں، کئی ممالک غزہ کے مستقبل کے حوالے سے بات کر رہے ہیں، شام اور لبنان کے ساتھ ہونے والی پیشرفت مشرق وسطی کا نقشہ بدل دے گی۔ٹیمی بروس نے مزید کہا کہ ہم ٹیکساس میں جانی نقصان پر دوست ممالک کے اظہار تعزیت پر شکر گزار ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی