ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ہر محاذ پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے سول سوسائٹی کے نمائندوں سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر ایک پراثر سوال و جواب کی نشست کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں کشمیری عوام نے پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ اپنے جذبات کا بے ساختہ اظہار کیا۔نشست کے دوران شرکا نے یک زبان ہو کر کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا حاضرین نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان اور کشمیر کو دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔
اس موقع پر کشمیری عوام نے پاک فوج کی لازوال قربانیوں اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔اہلِ کشمیر نے پاک فوج سے محبت کے انوکھے انداز میں اظہار کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کو کشمیری ثقافتی لباس بھی تحفے میں پیش کیا، جو ایک علامتی قدم کے طور پر گہری محبت کی عکاسی کرتا ہے۔تقریب میں شرکا نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہرا کر پاکستان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور یہ نعرہ فضا میں گونجتا رہا کشمیر بنے گا پاکستان۔ کشمیریوں نے اس موقع پر واضح پیغام دیا کہ وہ کل بھی پاکستان کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکا کے جذبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ہر محاذ پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی