i پاکستان

پاک سعودیہ دفاعی تعاون معاہدے نے تاریخی تعلقات کو نئی جہت دی ہے، محسن نقویتازترین

September 23, 2025

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے کہ پاک سعودیہ دفاعی تعاون معاہدے نے تاریخی تعلقات کو نئی جہت دی ہے۔ دفاعی، اقتصادی اور ثقافتی شراکت داری نے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے قومی دن پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور سعودی عوام کو مبارکباد دی۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سعودی قیادت، سعودی سفیر اور عوام کے لئے خیر سگالی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ ولی عہد محمد بن سلمان کی ولولہ انگیز قیادت میں سعودی عرب نے ترقی کے سنگ میل عبور کیے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی پاکستان کے لئے فخر اور حوصلے کا باعث ہے، اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے سعودی عرب کے شاہی خاندان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاک سعودیہ تعلقات دو بھائیوں کی وہ مقدس میراث ہے جو دلوں کی گہرائیوں سے جڑی ہوئی ہے۔ ایک دوسرے کے لئے قربانی، وفا اور خلوص کے رشتے نے اس دوستی کو ہر آزمائش میں سرخرو کیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا روحانی و ثقافتی تعلق جغرافیے سے ماورا ہے۔ سعودی حکومت نے ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ بے لوث دوستی کا ثبوت دیا ہے، چاہے قدرتی آفات ہوں یا عالمی چیلنجز۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔ پاکستانی قوم سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دل کی گہرائیوں سے دعاگو ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی