پاکستان اور امریکا کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدے کے بعد ڈیجیٹل معیشت کے ایک نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق معاشی سفارتکاری کے ایک دور کے اختتام پر اب دونوں ممالک کرپٹو اور بلاک چین کے شعبے میں باہمی تعاون کو وسعت دینے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے 31 جولائی کو پاکستان کے وزیر مملکت برائے کرپٹو و بلاک چین بلال بن ثاقب اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈیجیٹل اثاثہ جات سے متعلق مشاورتی کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، بو ہائنس کے درمیان اعلی سطح کی ملاقات ہوئی، جس میں کرپٹو پالیسی پر عالمی ہم آہنگی اور پاکستان کیویب تھری (Web3) حب بننے کے خواب پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب امریکا نے اپنے طویل انتظار کے بعد ڈیجیٹل اثاثہ جات کا فریم ورک جاری کیا جو کہ عالمی سطح پر ڈیجیٹل معیشت کے لیے ایک سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔اس اہم پیشرفت سے واضح پیغام ملتا ہے کہ پاکستان اور امریکا اب صرف تجارتی شراکت دار نہیں رہے بلکہ وہ کرپٹو قانون سازی کے میدان میں بھی تعاون کا نیا دور شروع کر رہے ہیں۔
یہ پیشرفت بلال بن ثاقب کے جون میں ہونے والے دورہ امریکا کے تسلسل میں سامنے آئی ہے، جہاں انہوں نے امریکی سینیٹرز سنتہیا لومس، ٹِم شیہی اور رک اسکاٹ کے علاوہ نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور بو ہائنس سے بھی تفصیلی ملاقاتیں کی تھیں، جن میں ڈیجیٹل اثاثہ جات سے متعلق قانون سازی، ضوابط اور عالمی سطح پر ممکنہ شراکت داریوں پر گفتگو ہوئی تھی۔واضح رہے کہ بلال بن ثاقب پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی ہیں جو ملک میں ورچوئل اثاثوں کی نگرانی اور ضابطہ کاری کی مرکزی اتھارٹی ہے۔کونسل کا کردار نہ صرف قومی کرپٹو حکمتِ عملی کو ترتیب دینا ہے بلکہ وی اے ایس پیز (VASPs) یعنی ورچوئل اثاثہ جات فراہم کرنے والے اداروں کے لیے لائسنسنگ فریم ورک مرتب کرنا اور بلاک چین ٹیکنالوجی کو مختلف شعبوں میں فروغ دینا بھی اس کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔پاکستان کی جانب سے کرپٹو اور بلاک چین کو قومی ترقی کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی کوششیں اب بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کی جا رہی ہیں۔ ایسے وقت میں جب دنیا ڈیجیٹل معیشت کی جانب تیزی سے گامزن ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان یہ تعاون نہ صرف باہمی تعلقات کو نئی جہت دے گا بلکہ خطے میں پاکستان کے ٹیکنالوجی حب بننے کے خواب کو بھی حقیقت میں بدلنے کی راہ ہموار کرے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی