پاکستان اور روانڈا نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان روانڈا کی مصنوعات کے لیے پرکشش منڈی ہے، پاکستان روانڈا کی ترقی کرتی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ تفصیل کے مطابق روانڈا کے امورِ خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیراولیور جین پیٹرک ندوہنگیرے کی پیر کو وزارت خارجہ اسلام آباد آمد ہوئی جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنمائوں کی ملاقات دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روانڈا کے وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ روانڈا کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان روانڈا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے مصنوعات کیلئے پرکشش منڈی ہے، پاکستان ٹیکسٹائل، چاول، سمیت دیگر مصنوعات کی برآمد میں عالمی پہچان رکھتا ہے، پاکستان روانڈا کی ترقی کرتی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں پاکستان اور روانڈا کے درمیان مضبوط تعاون قائم ہے، دونوں ممالک مختلف عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ اس موقع پر وزیر خارجہ روانڈا اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ڈپلومیٹک ٹریننگ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں دیگر ایم او یوز پر دستخط کرنے کی بھی خواہش ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یہ میرا پہلا دورہ ہے، پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے مفید بات چیت ہوئی، پاکستان کے ساتھ اعلی سطح کے تبادلوں کیلئے پرعزم ہیں، اعلی سطح تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روانڈا کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں اور ہم ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلی سطح کے دورے جاری رکھیں گے۔ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان کیلئے اپنی مصنوعات روانڈا کو برآمد کرنے کیلئے مواقع موجود ہیں، پاکستان اور روانڈا عالمی امن مشن میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کاروباری شخصیات روانڈا میں بزنس کریں ۔ انہوں نے کہا کہ روانڈاپاکستان کو سالانہ 26 ملین ڈالر کی برآمدات کرتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کو اعلی کوالٹی کی چائے بھی بھیجی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور روانڈا عالمی امن کے فروغ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے فوجی فراہم کرنے والے سرفہرست ممالک میں شامل ہیں۔ روانڈا کے وزیر خارجہ نے کھیلوں کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک میں کرکٹ کے شائقین موجود ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ہمیں کرکٹ میں مہارت سکھائے۔ بعدازاں پاکستان اور روانڈا کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں دونوں ممالک کے وزیر خارجہ نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔خیال رہے کہ کیگالی اور اسلام آباد میں سفارتی مشنز کے قیام کے بعد روانڈا کے وزیر خارجہ کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے، دورہ دوست ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی