i پاکستان

پاکستان چین کے ساتھ آہنی دوستی کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے،اسحاق ڈارتازترین

May 20, 2025

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ آہنی دوستی کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے جبکہ چینی وزیرلیوجیان چا ئو کا کہناتھا کہ چین پاکستان کو فولادی دوست اور ہمہ موسمی تزویراتی شراکت دار سمجھتا ہے،پاکستان کیساتھ تعلقات کو ترجیح دیتا رہے گا۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو بیجنگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے(آئی ڈی سی پی سی) کے وزیر لیو جیان چا ئوسے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور دیگر باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ آہنی دوستی کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے امور پر چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات اور اسٹریٹجک تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر لیو جیان چا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کا ہر موسم کا اسٹریٹجک پارٹنر اور آہنی دوست ہے اور چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ہمیشہ ترجیح دے گا۔دونوں رہنمائوں نے اسٹریٹجک تعاون اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی