پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام میں رکاوٹ ڈالنے کی بھارتی کوششوں کومسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار معاشی ترقی یقینی بنانے کے لیے آئی ایم ایف سے مل کرکام کرتا رہے گا، نئی دہلی پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کو سیاست زدہ کرنے کی کوششیں کررہاہے ۔ پہلگام حملے کے بعد کشیدگی کے پیش نظر بھارت نے عالمی مالیاتی فنڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کو دئیے گئے قرضوں کا ازسرِ نو جائزہ لے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام میں رکاوٹ کی بھارتی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان پائیدار معاشی ترقی یقینی بنانے کے لیے آئی ایم ایف سے مل کرکام کرتا رہے گا، پاکستان میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پورے عزم سے کام کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کا آئی ایم ایف پروگرام پر منفی بیانیہ سندھ طاس معاہدہ کی غیرقانونی معطلی جیسا ہے، بھارتی اقدامات اس کی بین الاقوامی قانون اور عالمی اداروں کو نظرانداز کرنے کا عکاس ہے، بھارت کا یہ رویہ خطے کے عدم استحکام کا باعث ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی