پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے کراچی میں کھیلی جانیوالی نیشنل پیڈل چیمپئن شپ کو نام نہاد قرار دیتے ہوے متنبہ کیا ہے کہ پاکستان کے نام کو ذاتی اور تجارتی مقاصد کیلے استعمال کرنا سنگین خلاف ورزی ہوگی جس پر متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ پی ایس بی کی جانب سے جاری عوامی سرکلر میں کہا گیا کہ پیڈل کے کھیل میں کسی بھی ادارے یا فرد کو قومی یا بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے نہ تو اجازت دی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی توثیق کا اختیار دیا گیا ہے۔
پیڈل سے متعلق کوئی بھی فیڈریشن اس وقت پی ایس بی سے رجسٹرڈ نہیں ہے۔ کچھ افراد خود کو پاکستان پیڈل فیڈریشن ظاہر کرتے ہوئے کراچی میں 14جنوری سے نیشنل پیڈل چیمپئن شپ کے انعقاد کا دعوی کر رہے ہیں اور کھلاڑیوں کو یہ باور کرایا جا رہا ہے کہ اس ایونٹ میں شرکت ایشین گیمز 2026 کیلے قومی ٹیم میں سلیکشن کا ذریعہ بن سکتی ہے، جو سراسر غلط، گمراہ کن ہے۔پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کھلاڑیوں کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ وہ غیر تسلیم شدہ اور غیر منسلک اداروں کے دعوں پر ہرگز انحصار نہ کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی