i پاکستان

پاکستان روس کا فطری اتحادی اور معاشی اور تجارتی تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، روسی نائب وزیراعظمتازترین

July 10, 2025

روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوورچوک نے کہا ہے کہ پاکستان روس کا فطری اتحادی اور روس کے ساتھ معاشی اور تجارتی تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ طارق فاطمی کی رو سی نائب وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیاسی، اقتصادی، توانائی، صنعتی اور زرعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان، ازبکستان، روس ریلوے منصوبے اور کارگو ٹرین کی اہمیت پر زور دیا گیا، روس کے نائب وزیراعظم نے پاکستان سے تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔طارق فاطمی نے روسی قیادت کیلئے پاکستانی قیادت کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کو عالمی استحکام کیلئے اہم ملک سمجھتا ہے۔ملاقات میں پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق جاری بات چیت کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا، روسی نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان روس کا فطری اتحادی ہے، روسی نائب وزیراعظم نے پاکستان کو ایک اہم علاقائی ملک قرار دیتے ہوئے صدر ولادیمیر پیوٹن کا موقف دہرایا کہ پاکستان روس کے ساتھ معاشی اور تجارتی تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے پاکستان، روس اور ازبکستان کے درمیان ریلوے روابط کو بھی خطے کی اقتصادی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ صدر پیوٹن اور وزیراعظم شہباز شریف کی اگست میں ملاقات متوقع ہے۔پاکستان کے اعلی سطحی وفد نے روس کا اہم دورہ کیا، جس کے دوران وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ہارون اختر خان اور معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی شامل تھے ۔وفد کی روسی نائب وزیراعظم سے اہم ملاقات میں روسی کابینہ کے متعدد وزرا بھی شریک ہوئے۔ ۔ ہارون اختر خان نے روسی حکام کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول سے متعلق بریفنگ دی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب سہولیات پر روشنی ڈالی۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان صنعتی تعاون، بالخصوص اسٹیل سیکٹر میں، آنے والے مہینوں میں مزید پیش رفت کا امکان ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کی کوششیں آئندہ دنوں میں مزید تیز ہونے کی توقع ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی