مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان صحیح سمت میں چل پڑا ہے،سب کو مل کر پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا، وزیر اعظم شہباز شریف بہترین کام کررہے ہیں، شہباز شریف نے گرتی معیشت کو سہارا دیا، مریم نواز نے پنجاب کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سب کام میرٹ پر ہو رہے ہیں، مریم نواز پنجاب میں کوئی بھی کام میرٹ کے خلاف نہیں کر رہیں، پی آئی اے بند کروانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گرتی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پنجاب میں ترقی کی نئی منازل طے کی ہیں ، پنجاب میں کوئی بھی کام میرٹ کے خلاف نہیں کر رہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کی بحالی کیلئے بہت سے منصوبے چل رہے ہیں اور لاہور کو اصلی حالت میں بحال کریں گے۔ نواز شریف نے اپنی صحت سے متعلق زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میری صحت بالکل ٹھیک ہے اور اس حوالے سے غلط خبر پھیلائی گئی ہے۔
دریں اثناء سابق وزیر اعظم نواز شریف سے مسلم لیگ ن برطانیہ کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر گفتگو کی گئی۔وفد میں مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر احسن ڈار، سید فریاد حسین بخاری، اعجاز گل اور دیگر رہنماں نے شرکت کی۔ دوران ملاقات بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرنے پر برطانوی وفد نے میاں نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ ملک کی ترقی و خوشحالی اور معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر صدر ن لیگ برطانیہ احسن ڈار کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ہمیشہ ملک میں غریبوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کیے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔سید فریاد حسین بخاری نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پنجاب میں درجنوں نئے منصوبے شروع ہونے سے لاکھوں لوگوں کو روزگار میسر ہوا۔ ملاقات کے اختتام پر برطانوی وفد نے تعلیم، صحت، انصاف، صاف ستھرا پنجاب اور ہر شعبے میں مثالی کارکردگی فراہم کرنے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی