i پاکستان

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا شیان، چین میں ٹیراکوٹا آرمی میوزیم کا دورہتازترین

May 27, 2025

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ایک اعلی سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ چین کے شہر شیان میں واقع دنیا کے مشہور زمانہ "ٹیراکوٹا آرمی میوزیم" کا دورہ کیا۔ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی و ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دو طرفہ دوستی کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا۔چینی حکام اور میوزیم کے نمائندوں نے پاکستانی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں میوزیم کا تفصیلی دورہ کروایا۔ اس موقع پر وفد کو چین کے پہلے شہنشاہ، قن شی ہوانگ، کے دور حکومت اور ان کے مقبرے کی حفاظت کے لیے تیار کی گئی تاریخی ٹیراکوٹا فوج کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ چینی ماہرین نے وفد کو بتایا کہ یہ فوج تیسری صدی قبل مسیح کی ہے اور یہ چین کے شاندار ماضی اور فن تعمیر کا ایک قابلِ فخر ورثہ ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اس موقع پر میوزیم میں محفوظ تاریخی ورثے کی تعریف کی اور کہا کہ ایسی تاریخی یادگاریں نہ صرف کسی قوم کی عظمت کی علامت ہوتی ہیں

بلکہ دنیا بھر کے اقوام کے درمیان ثقافتی سفارتکاری کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ"ٹیراکوٹا آرمی چین کے قدیم عظمت کی ایک زندہ مثال ہے۔ یہ ہمیں اس بات کی یاد دہانی کرواتی ہے کہ تاریخی ورثے کا تحفظ اور بین الاقوامی سطح پر عوامی روابط کو فروغ دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔"اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے وفود کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا، خصوصا ثقافتی تبادلوں، سیاحت کے فروغ اور تعلیمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا۔ چینی حکام نے پاکستانی وفد کو بتایا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مستقبل میں مزید قریبی تعاون کے خواہاں ہیں۔یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار تعلقات اور عوامی سطح پر روابط کو مزید گہرا کرنے کی ایک اہم کڑی ثابت ہوا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی