i پاکستان

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا ایک بار پھر احتجاج کی تیاریوں میں مصروف، ملک سے صوبے کا رابطہ بند کرنے پر غورتازترین

April 14, 2025

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا نے ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔ احتجاج کی قیادت پی ٹی آئی خیبرپختونخوا تنظیم کرے گی، جب کہ حتمی حکمت عملی پارٹی کی سیاسی کمیٹی طے کرے گی۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک عدیل نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورننس صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، مگر کارکنوں کے مطالبات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکن بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے سوالات کر رہے ہیں، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ ان کے لیے سڑکوں پر نکلا جائے۔ ملک عدیل نے مزید کہا کہ احتجاج کے دوران سڑکیں بند کر کے ملک بھر سے رابطہ منقطع کرنے کی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر مختلف اضلاع میں کارکنوں کو متحرک کر رہے ہیں تاکہ ایک مثر اور بھرپور احتجاج کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج کا مقصد صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں بلکہ آئینی و جمہوری حقوق کا تحفظ بھی ہے۔ احتجاجی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی