مسلم لیگ(ن) برطانیہ کے صدر چوہدری عبد الرحمن نے کہا ہے کہ پہلگام حملہ بھارت کی ایک منظم سازش تھی جس کو بنیاد بنا کر پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا کر خطے میں جنگ کا ماحول بنا دیا گیا ہے ، بھارت کو اگر جنگ کا شوق ہے توپاک افواج نہ صرف اس کا جنگی جنون ختم کرینگی بلکہ بھارتی افواج آنے والی نسلوں کو بھی سمجھائیں گی کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھیں۔ جمعرات کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری عبد الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار ہے ،بلوچستان اور خیبر پختونخواہ سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت ملوث رہاہے تاہم پاکستان کی طرف سے کبھی بھی بھارت کے خلاف اعلان جنگ نہیں کیا گیا ،انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ہمیشہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بھارت کو دہشت گردی میں ملوث ہونے پر مورد الزام ٹھہرایا
لیکن دوسری جانب بھارت کا یہ حال ہے کہ مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت میں کہیں کوئی پٹاخہ بھی چل جائے تو فوری طور پر پاکستان پر الزام لگا دیا جاتا ہے جو بعد میں ہمیشہ جھوٹ ثابت ہو تا ہے ، انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کی تحقیقات تو دور کی بات اس کی خبر سنتے ہی بھارتی حکام نے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے شور مچانا شروع کر دیا اور اپنی گندی ذہنیت کی روشنی میں یکطرفہ اقدامات کا اعلان شروع کر دیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پہلگام حملہ بھارت سرکارکی اپنی سازش ہے جس کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف ایک نیا محاذ کھولا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت کو اگر جنگ کا شوق ہے تو وہ پورا کر لے پاک افواج اسکا جنگی جنون نہ صرف ختم کرینگی بلکہ بھارتی افواج کا وہ حشر کرینگی جس سے وہ دنیا میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گی
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی