i پاکستان

پنجاب حکومت کے فوری اینٹی اسموگ اقدامات،لاہور کا اے کیو آئی بہتر سطح پر آگیاتازترین

December 15, 2025

لاہور کا اے کیو آئی 181 پر آگیا جو نصف دسمبر میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بہتر سطح ہے۔پنجاب حکومت کے فوری اینٹی اسموگ اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں جس کی بدولت فضائی معیار میں بہتری آئی ہے۔لاہور میں پیر کو ہوا کی رفتار 8 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئیجس کے سبب اسموگ کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے اور موسمی حالات سازگار رہے گا۔ اینٹی اسموگ پلان پر زیرو ٹالرنس کے تحت عمل درآمد جاری ہے۔ اسموگ کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں تیز کر دی گئیں جبکہ صنعتی اخراج، اینٹوں کے بھٹوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر اینٹی اسموگ اسکواڈز مکمل فعال ہے اور 24/7 مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔سینئیرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے ہدایت کی ہے کہ ماسک کا استعمال اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں جبکہ حساس طبیعت کے مالک افراد احتیاط کریں، شہری ہدایات پر عمل کر کے اسموگ کے خاتمے میں کردار ادا کریں۔دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا۔

موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک جبکہ موٹر وے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کر دیا گیا، موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند کی گئی ہے۔ بوریوالا اور اس کے گردونواح میں شدید دھند چھا گئی ، جس کے باعث حدِ نگاہ صفر ہو گئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دھند کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔دھند کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے اور مسافروں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا ہے۔ قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، اشاروں اور ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو فوگ لائٹس استعمال کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی