i پاکستان

پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال چودہویں روز میں داخل، مریض علاج معالجے سے محروم ، مشکلات کا سامناتازترین

May 02, 2025

پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں نجکاری کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی او پی ڈی ہڑتال چودہویں روز میں داخل ہوگئی ۔ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں ہزاروں مریض علاج معالجے سے محروم ہوگئے۔ذرائع کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے کچھ شعبہ جات میں سینئر ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کی ہیں مگر بیشتر ڈیپارٹمنٹس تاحال غیر فعال ہیں۔ مریضوں اور ان کے اہلخانہ کو او پی ڈی کے بند ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ہسپتالوں میں پرچی کائونٹرز پر بھی صورتحال غیر یقینی ہے کہیں عملہ غائب ہے اور کہیں محدود تعداد میں کام جاری ہے، جس کے باعث مریضوں کی قطاریں معمول سے کہیں زیادہ طویل ہو گئی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے دعوی کیا گیا تھا کہ سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، مگر اسپتالوں کے اندر بیشتر ڈاکٹرز اپنے کمروں میں موجود ہونے کے باوجود مریضوں کی بجائے موبائل فونز میں مصروف نظر آتے ہیں۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے واضح کیا ہے کہ وہ نجکاری کے کسی بھی منصوبے کو قبول نہیں کریں گے اور حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے تک احتجاج جاری رہے گا۔دوسری جانب مریض اور ان کے اہل خانہ حکومت اور ڈاکٹرز دونوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے جلد کوئی متفقہ حل نکالا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی