i پاکستان

پنجاب میں فرضی مشقیں اور کومبنگ آپریشنز جاری، درجنوں مشتبہ افراد زیر حراست،بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمدتازترین

May 09, 2025

موجودہ سرحدی صورت حال کے پیش نظر لاہور سمیت صوبہ بھر میں فرضی مشقیں اور کومبنگ آپریشنز جاری ہیں۔آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقیں کی جا رہی ہیں جس میں پنجاب پولیس، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل سکواڈ و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرضی مشقوں کا مقصد کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنا، خطرات سے بچا، شہریوں کو بحفاظت ریسکیو کرنا، رسپانس ٹائم مزید بہتر بنانا ہے، موجودہ سرحدی صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی، لا اینڈ آرڈر، امدادی سرگرمیاں یقینی بنانے کے لئے فرضی مشقیں جاری رہیں گی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 380 کومبنگ آپریشنز میں 14 ہزار مشتبہ افراد کی چیکنگ کی گئی، 61 مشکوک افراد حراست میں لئے گئے۔ ترجمان کے مطابق 32 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز، 3483 افراد سے پوچھ گچھ، 04 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، سنگین جرائم میں ملوث 167 اشتہاری، 155 عدالتی مفرور، 53 عادی مجرمان بھی گرفتار کرلیے گئے۔ جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کے قبضہ سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران 05 مجرمان کیفر کردار کو پہنچ گئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی