i پاکستان

پنجاب میں گرمیوں کی 3 ماہ تعطیلات کے بعد اسکول کھل گئے، سیلاب زدہ علاقوں میں تاحال اسکول بندتازترین

September 01, 2025

پنجاب میں گرمیوں کی 3 ماہ تعطیلات کے بعد اسکول کھل گئے۔تفصیل کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں سرکاری اور نجی اسکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کا پیر سے پھر آغاز ہو گیا ، تعلیمی ادارے تین ماہ کی تعطیلات کے بعد کھلے ہیں۔اسکولوں میں بچوں کی ہنسی خوشی واپسی ہو گئی، تعلیمی اداروں کی رونقیں بحال ہونے کے بعد طلبہ و طالبات خوشی خوشی اسکولوں کا رخ کرتے دکھائی دئیے۔تاہم دوسری طرف پنجاب میں سیلاب زدہ علاقوں میں تاحال اسکول بند رہیں گے، ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین نے کہا ہے کہ پھالیہ میں چھٹیاں ختم ہو گئی ہیں، لیکن کئی اسکول و کالج تاحال بند رہیں گے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 17 اسکول اور ایک کالج بند رہے گا۔ڈی سی کے مطابق قادرآباد میں گرلز کالج اور ہائیر سیکنڈری اسکول بند رہیں گے، 7 پرائمری اسکول تاحکمِ ثانی بند رہیں گے، 6 گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول، 2 گرلز پرائمری اور 1 گرلز ایلیمنٹری اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

سیلابی صورت حال کے باعث تدریسی عمل معطل رہے گا، اور متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ادھر تاندلیانوالہ میں بھی سیلابی صورت حال کے باعث مختلف سرکاری اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی ہدایت پر 23 اسکول یکم سے 5 ستمبر تک بند رہیں گے، بند رہنے والے اسکولوں میں 5 ریلیف کیمپس کے طور پر استعمال کیے جائیں گے۔بہاولنگر میں دریائے ستلج میں سیلاب کے پیش نظر 34 اسکول غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے، ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے اسکولوں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، بند کیے گئے اسکول دریائے ستلج بیلٹ سے ملحقہ علاقوں میں واقع ہیں، 10 اسکول منچن آباد، 6 بہاولنگر اور18 چشتیاں میں بند کیے گئے، جب کہ ضلع بھر کے دیگر اسکول گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد کھل گئے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی