i پاکستان

پولینڈ کے سفیر کی ضلع خضدار میں اسکول بس پر حملے کی مذمتتازترین

May 23, 2025

پولینڈ کے سفیر میچی پِسارسکی نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول کے بچوں پر ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو قتل کرنا انسانیت سے ماورا اور ناقابل معافی جرم ہے۔پولینڈ کے یوم آئین کے موقع پرپولینڈ کے سفارتخانے میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارتکاروں، ارکان پارلیمنٹ، سرکاری افسران اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پولینڈ کے سفیر میچی پِسارسکی نے خضدار میں اسکول کے بچوں پر ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی زندگی، مستقبل اور خوابوں کو کچلنا انسانیت سے ماورا اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔ کوئی بھی مقصد اتنے گھنائونے عمل کو جائز نہیں ٹھہرا سکتا۔انہوں نے دنیا بھر سے مطالبہ کیا کہ وہ معصوم جانوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہو جائے۔

عالمی سطح پر جاری تنازعات کے پس منظر میں سفیر پِسارسکی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ روسی قیادت بھی ایسے ذمہ دار رویے کو اپنائے۔انہوں نے یوکرین کے ساتھ پولینڈ کی مسلسل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ سفیر نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کا بھی ذکر کیا خصوصا ان پولش ہوابازوں کی خدمات کا جنہوں نے پاکستان فضائیہ کے ابتدائی ایام میں اہم کردار ادا کیا، جن میں ائیر کموڈور ولاڈی سلاو تورووچ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم صرف تاریخ نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ اپنی پائیدار دوستی کا بھی جشن منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک پولینڈ دوستی زندہ باد محض نعرہ نہیں بلکہ بڑھتے ہوئے باہمی تعاون کی حقیقت ہے، انہوں نے کہا، اور تجارتی و سرمایہ کاری کے شعبے میں پیش رفت کا ذکر کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی