i پاکستان

پشاور اور دیگر علاقوں میں میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بی آر ٹی بس سروس معطلتازترین

September 02, 2025

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو گئے،پشاور میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، بی آر ٹی بس سروس معطل کردی گئی جبکہ بو نیر بارش کے بعد شدید سیلابی ریلے سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، پانی گھروں میں داخل ہو گیا، انخلا کیلئے مساجد سے اعلانات بھی کیے گئے۔تفصیل کے مطابق پشاور اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی میں بھی مشکلات پیش آئیں۔شدید بارش کے باعث فیڈر روڈز پر پانی کھڑا ہونے اور حفاظتی خدشات کے پیش نظر بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ۔ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی سروس اگلی اطلاع تک مکمل طور پر بند رہے گی تاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ صورتحال بہتر ہونے کے بعد سروس کی بحالی سے متعلق دوبارہ آگاہ کیا جائے گا۔دوسری جانب بونیر پیر بابا میں بارش کے بعد شدید سیلابی ریلے سیندی نالوں میں طغیانی آگئی، پانی گھروں میں داخل ہو گیا، انخلا کیلیے مساجد سے اعلانات بھی کیے گئے۔

بارش کے بعد مقامی افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل شروع کردیا گیا ، انتظامیہ نے ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دیں۔ندی نالوں میں طغیانی سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوگئیں جبکہ کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم نے بتایا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے ضلع بونیر میں ہائی الرٹ جاری ہے، مسلسل بارش کے باعث سیلاب کا خطرہ زیادہ ہے۔انہوں نے کہاکہ بٹئی اور قدر نگرمیں پانی کی سطح بلند ہے اور تیزی سے پیرباباخوڑکی طرف بہہ رہاہے، پانی مرکزی بازار کے عقب اور سڑک کی سطح تک پہنچ گیا ہے، عوام کو محفوظ مقامات پرمنتقل ہونے کے اعلانات کئے گئے ۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ محفوظ مقامات کی نشاندہی کردی گئی ہے جہاں لوگوں کو منتقل کرنیکی کوششیں جاری ہے، ہنگامی صورتحال میں عوام کو سرکاری رہائش گاہوں میں جگہ فراہم کی جائیگی۔ادھر مالاکنڈ میں بٹ خیلہ، الہ ڈھنڈڈھیری اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج 3ستمبر تک ممکنہ بارشوں کے باعث متعدد علاقوں کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری کر رکھا ہے ۔این ڈی ایم اے کے مطابق نشیبی علاقے زیر آب آنے، پشتوں میں شگاف، فصلوں اور بستیوں کے زیرِآب آنے کا خدشہ ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی