خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر ماں کی صحت، ہر بچے کا تحفظ اور ہر خاندان کی ترقی ہمارا قومی فرض ہے، ہماری توجہ اس بات پر مرکوز رہنی چاہیے کہ ہر ماں صحت مند ہو، ہر بچہ محفوظ ہو، اور ہر خاندان کو ترقی کرنے کا موقع ملے۔ یوم آبادی 2025 کے موقع پر پیغام میںآصفہ بھٹو نے کہاپاکستان کو زچگی کی صحت، بچوں کی فلاح و بہبود، اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔ خاتون اول آصفہ بھٹو نے کہا تولیدی صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ میں سرمایہ کاری ہی مضبوط قوم کی بنیاد ہے۔ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، مکمل طبی سہولیات، معاشی مواقع اور اپنی زندگیوں سے متعلق فیصلوں میں شراکت داری حاصل ہو۔ آصفہ بھٹو نے کہا نوجوانوں کو بااختیار بنانا ایک پرامن اور پائیدار پاکستان کی تعمیر کے لیے ضروری ہے۔پاکستان کی نوجوان آبادی ہمارا حال بھی ہے اور مستقبل بھی۔ آصفہ بھٹو زرداری کا کہناتھا آج ہمیں بے نظیر بھٹو کے اس خواب کی یاد دلاتی ہے کہ ہر بچہ محبت و سرپرستی پائے ۔حکومت، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے تمام شراکت داروں سے اپیل کی کہ وہ مل کر ایک ایسے مستقبل کے لیے کام کریں جہاں ہر زندگی کی قدر ہو اور ہر نسل بااختیار ہو۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی