غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی خاتون سدرہ کے کیس میں عدالتی حکم پر چھتی قبرستان پیرودھائی میں قبر کشائی کی گئی۔قبر کشائی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ایلیٹ فورس اہلکار قبرستان میں تعینات رہے جب کہ قبر کے اردگرد قناتیں اور شامیانے لگا ئے گئے تھے۔ہولی فیملی اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر مصباح کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم موقع پر موجود رہی۔ عدالتی مجسٹریٹ کے معائنے کے بعد ٹی ایم اے کے عملے نے قبر کھودنے کا عمل شروع کیا۔ اس موقع پر 2 ملزمان، گورکن راشد اور قبرستان کمیٹی کے سیکرٹری سیف الرحمن کو بھی نشاندہی کے لیے لایا گیا تھا۔واضح رہے کہ راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں سدرہ کو غیرت کے نام پر قتل کرکے خاموشی سے دفن کر دیا گیا تھا۔ پولیس تحقیقات کے مطابق سدرہ کو گھر سے بھاگنے پر جرگے کے حکم پر قتل کیا گیا۔ بعد ازاں اسے رات کی تاریکی میں قبرستان میں دفن کرکے نشانات مٹا دیے گئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی