دریائے سوات میں 27 جون کو سیاحوں کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر شدید تنقید کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے موثر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا اور اب صوبے میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈرون حاصل کرلیا ہے۔ ڈرون کو سیلابی صورتحال میں مدد کے لیے لائف جیکٹس، رسیاں اوردیگر اشیا پہنچانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔اس حوالے سے پی ڈی ایم اے کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کو ڈرون کی مشق بھی دکھائی گئی۔ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے فلڈ فائٹنگ آلات خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں ڈرونز اور واٹر ریسکیو بوٹس شامل ہیں، سیلاب اور دیگر ایمرجنسی صورتحال میں اب ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا، ڈرونز میں کئی سو کلو گرام وزن اٹھانے کی صلاحیت ہوگی۔خیبرپختونخوا محکمہ ریلیف نے 30 قیمتیں ڈرونز خریدنے کیلئے تیاری مکمل کر لی، 10 ایچ 30 ٹرانسپورٹیشن ڈرونز خریدے جائیں گے جس میں 100 کلو گرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت ہوگی، 20 ایسے ٹرانسپورٹیشن ڈرونز خریدے جائیں گے جو 50 کلوگرام تک وزن اٹھا سکتے ہوں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرونز کی خریداری پر 406 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس کیلئے وزیراعلی نے محکمہ خزانہ کو 331 ملین روپے کے فنڈز جاری کرنے کی ہدایات کر دی، ڈرونز اور بوٹس کی فی الفور خریداری کیلئے اقدامات مکمل کر لئے گئے۔محکمہ ریلیف کے مطابق ان آلات کی خریداری کا مقصد کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں بروقت اقدامات کرنا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی