صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ترکیہ میں فوجی طیارے کے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق ترکیہ میں فوجی طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے حوالے سے صدر آصف علی زرداری نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے اظہارِ تعزیت کیا اور ترک قوم سے ہمدردی کا اظہار کیا، صدر پاکستان نے حادثے میں شہید ہونے والے ترک اہلکاروں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے دکھ میں برابر کا شریک ہے، ترکیہ اور پاکستان آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ دریں اثنا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی جانب سے ترکیہ کے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ترکیہ کے سی ون 30 کارگو طیارے کے جارجیا آذربائیجان سرحد کے قریب افسوسناک حادثے پر دکھ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے بھائی وزیرِ خارجہ حکان فیدان اور برادر ملک ترکیہ کے عوام سے قیمتی جانوں کے اس نقصان پر دلی تعزیت کرتا ہوں۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اس غم کی گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی