صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بحرین کے قومی دن اور قازقستان کے 34ویں یومِ آزادی کے موقع پر دونوں برادر ممالک کی قیادت، حکومتوں اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے ۔بحرین کے قومی دن پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ، بحرینی حکومت اور عوام کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بحرین کے ساتھ مضبوط، مستحکم اور دیرینہ تعلقات پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات باہمی احترام، اخوت اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون اور عالمی فورمز پر قریبی ہم آہنگی قابلِ قدر ہے۔صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی روابط کو مزید فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔انہوں نے بحرین میں مقیم پاکستانی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی بحرین کی معیشت اور ثقافت میں موثر کردار ادا کر رہی ہے۔صدر مملکت نے بحرین کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے نیک تمنائو ں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔
دریں اثنا قازقستان کے 34ویں یومِ آزادی پر اپنے ایک علیحدہ پیغام میں صدر مملکت نے قازقستان کی قیادت اور عوام کو دلی مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ 1991 میں منظور کیا گیا قانونِ آزادی قازقستان کی خودمختاری کا ایک تاریخی سنگِ میل ہے، جبکہ قازق قوم کا سفر استقامت، جدوجہد اور مسلسل ترقی کی روشن مثال ہیصدر آصف علی زرداری نے ژیلتوکسان مظاہروں کو آزادی کے لیے عوامی عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔انہوں نے اقوامِ متحدہ اور او آئی سی میں قازقستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تجارت، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں باہمی تعاون مضبوط ہو رہا ہے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ سی پیک کے ذریعے قازقستان کے ساتھ تعاون کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے صدر قاسم جومارت توقایف اور قازق عوام کی خوشحالی و استحکام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی امن اور ترقی کیلئے قازقستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی