سینئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو کہیں نہ کہیں منتقل کرکے انہیں گھر بناکردینے ہوں گے،کوشش ہوگی متاثرین کو ایسی جگہ شفٹ کریں جہاں سیلاب کا خطرہ نہ ہو۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈیمز بننے چاہئیں کیوں کہ ڈیمز سے پانی کی اسٹوریج ہوتی ہے مگر جب بھی ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے ہم ڈیم کی بات شروع کردیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سب فلڈ مینجمنٹ کے زمرے میں آتا ہے ، جس دوران متاثرین کی بحالی کا ایک بھرپور عمل ہوگا، متاثرین کو کہیں نہ کہیں منتقل کرکے انہیں گھر بناکردینے ہوں گے، کوشش ہوگی متاثرین کو ایسی جگہ شفٹ کریں جہاں سیلاب کا خطرہ نہ ہو۔سینئر وزیرکا کہنا تھا کہ جنگلات کی حفاظت کے لیے پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، ٹیکنالوجی کے ذریعے لکڑی کی کٹائی روکنے پر کام کررہے ہیں جس کے تحت واضح کیا جائے گا کہ کون سے پانی کے قدرتی راستے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی