سینیٹ کے جمعرات کوہونے والے اجلاس میں سانحہ خضدار میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ایوان میں سینیٹر شہادت اعوان نے شہدا کے درجات کی بلندی، لواحقین کیلئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کروائی۔ایوان بالا نے اس افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اراکینِ سینیٹ نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک قومی سانحہ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ دریں اثناء سینیٹ اجلاس میں سانحہ خضدار کے پیش نظر معمول کا وقفہ سوالات معطل کر دیا گیا۔ ا س ضمن میں سینیٹر آغا شاہزیب درانی نے ایوان میں تحریک پیش کی کہ سانحہ خضدار پر تفصیلی بحث کی غرض سے وقفہ سوالات معطل کیا جائے۔ایوان بالا نے یہ تحریک متفقہ طور پر منظور کر لی۔سینیٹر آغا شاہزیب درانی نے کہا کہ اس المناک واقعے پر فوری توجہ اور بھرپور بحث ناگزیر ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی