جے یو آئی (ف ) کے سینیٹر کامران مرتضی نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے جے یو آئی نے کچھ نہیں طے کیا، شوکاز نوٹس دئیے بغیر کوئی آرڈر پاس نہیں کیا جا سکتا ۔ایک انٹرویو میں سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ شوکاز نوٹس دیے بغیر کوئی قانونی آرڈر جاری نہیں کیا جا سکتا، اگر کوئی تنقید کرتا ہے تو اسے برداشت کرنا چاہیے، تاہم کسی قسم کی بداخلاقی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔رہنما جے یو آئی نے واضح کیا کہ مائنز اینڈ منرل بل جے یو آئی نے چیلنج کیا ہے اور وہ ہر اس اقدام کی مخالفت کرتے ہیں جو آئینی حدود سے باہر ہو۔سینیٹر کامران مرتضی نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے ابھی ن لیگ یا پیپلز پارٹی کے ساتھ جانے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ مخصوص نشستوں پر آنے والے اراکین کی حلف برداری اور سیشن بلانے پر بھی تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی