چینی سفارتخانے میں مشترکہ چاند کا وسط خزاں فیسٹیول منانے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی ۔منگل کو اسلام آباد میں چینی سفارت خانے "ایک مشترکہ بیمنگ مون، آل یونائیٹڈ ہارٹس اینڈ ہینڈز" کے وسط خزاں فیسٹیول کا انعقاد کیا جس میں چینی ڈاکٹروں کے تعاون سے دل کی سرجری سے گزرنے والے بچوں یا ان کے والدین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری مہمان خصوصی تھیں جنہوں نے پسماندہ افراد کی بہتری کے لیے اپنے خاندان کے عزم اور مخلصانہ کوششوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے والد اور چینی سفیر کے ساتھ حالیہ دورہ چین کا ذکر کر تے ہوئے کہاکہ اس دورے سے سدا بہار تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔دونوں ممالک مشترکہ تقدیر اور اپنی اجتماعی بھلائی کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔
اپنے استقبالیہ کلمات میں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے تقریب میں خاتون اول کی موجودگی کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے چینی سماجی اور ثقافتی زندگی میں چاند کے تہوار کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔ اس کا مطلب دوستی، بھائی چارہ اور خوشی اور خاندانوں کی اجتماعی بھلائی کو فروغ دینا ہے ۔ چینی سفیر نے کہا کہ دل کی بیماری سے متاثرہ بچوں کے ساتھ بیٹھنا دونوں ممالک کی جانب سے خیر سگالی اور نیک عمل ہے۔ انھوں نے صحت اور بہبود کے شعبوں میں بڑھتی ہوئی چین پاکستان دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی دوستی دنیا بھر میں منفرد ہے۔انہوں نے دنیا بھر میں ایک ایسا ماحول بنانے پر زور دیا جو جسمانی طور پر متاثرہ لوگوں کے لیے بہتر زندگی کو یقینی بنائے۔
انہوں نے چینی حکومت کی جانب سے اپنے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔چینی سفیر نے مزید کہا کہ ہم پوری انسانیت کی مشترکہ تقدیر کے لیے کام کر رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی