i کھیل

ایشز سیریز، پیٹ کمنز کی واپسی ، ہیزل ووڈ پورے سیزن سے باہرتازترین

December 09, 2025

آسٹریلیا کو ایک بڑا دھچکا ،اہم فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ انجری کے باعث باقی ٹیسٹ سمر اور ایشیز سیریز سے باہر ہو گئے ۔ ہیزل ووڈ گزشتہ ماہ شیفیلڈ شیلڈ میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے اور اسی وجہ سے ایشیز کے پہلے دو ٹیسٹ نہیں کھیل سکے۔ اب آسٹریلوی کوچ اینڈریو میک ڈونلڈ نے تصدیق کی ہے کہ فاسٹ بولر کی انجری کے باعث اس سیزن میں واپسی ممکن نہیں رہی۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ بدقسمتی سے جوش ایشیز کا حصہ نہیں ہوں گے انہیں چند ایسے مسائل ہوئے جن کی توقع نہیں تھی۔اب ان کی تیاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہوگی، جو ہمارے لیے نہایت اہم ایونٹ ہے۔ دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے تصدیق کی ہے کہ پیٹ کمنز 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں شروع ہونے والے تیسرے ایشیز ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔ خیال رہے کہ پیٹ کمنز کی واپسی سے آسٹریلوی بولنگ لائن کو اہم سہارا ملے گا لیکن جوش ہیزل ووڈ کا باہر ہونا ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ واضح رہے کہ ایشیز سیریز کے ابتدائی دونوں میچز میں انگلینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا نے پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور سیریز کا تیسرا میچ 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی