بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے سے قبل ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر اور دیگر اعلی حکام کے ساتھ ایک اہم ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے۔بھارتی میڈیارپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے بلائے گئے اس اجلاس کا مقصد ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف خراب کارکردگی، سلیکشن میں تسلسل اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق مسائل پر فوری بات چیت کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ اقدام اس پس منظر میں بھی اٹھایا گیا ہے کہ حالیہ میچز میں ویرات کوہلی اور روہت شرما نے شاندار فارم دکھائی لیکن ٹیم مینجمنٹ اور سینئر کھلاڑیوں کے درمیان رابطہ مثبت دکھائی نہیں دے رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق میٹنگ میں حالیہ بھارتی ٹیم کی پرفارمنس، جنوبی افریقہ سے تاریخی ہار اور آئندہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ورلڈکپ کے لئے حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔واضح رہے کہ حالیہ ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بھارت کو شکست کے بعد ٹیم کی حکمت عملی اور فیصلوں پر سوالات اٹھے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی چاہتی ہے کہ 8 ماہ بعد شروع ہونے والی اگلی ٹیسٹ سیریز سے قبل تمام معاملات واضح طور پر درست کر لئے جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی