بھارتی شہر لکھنو ئو میں دھند کے باعث بھارت اور جنوبی افریقا کا میچ ختم ہونے پر شائقین کی رقم واپسی کا مطالبہ رنگ لے آیا۔گزشتہ روز لکھنوئو میں شدید دھند کے باعث بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ ختم ہوگیا تھا جس پر شائقین کرکٹ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹکٹوں کی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔کرکٹ فینز کا مطالبہ رنگ لے آیا اور اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن نے ٹکٹوں کے ری فنڈ کرنے کی تصدیق کر دی۔یو پی سی اے سیکرٹری پریم منوہر کے مطابق اسٹیڈیم میں آنے والے تمام کرکٹ فینز کو ٹکٹوں کے پیسے واپس ملیں گے جبکہ آن لائن بکنگ کرانے والے فینز کو بھی اسی طرح پیسے مل جائیں گے۔پریم منوہر کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کے ری فنڈ کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں، اطلاع ای میل کے ذریعے دے دی جائے گی۔واضح رہے چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے 6 انسپکشنز کے بعد ختم کر دیا گیا تھا، بھارتی میڈیا نے میچ کے ختم ہونے کی وجہ دھند نہیں اسموگ کو قرار دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی