i کھیل

حیدر آباد، سینئر کرکٹر دل کا جان لیوا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئےتازترین

December 02, 2025

حیدرآباد کے سینئر کرکٹر اور محبوب اسپورٹس کرکٹ کلب کے کپتان، معین خان راجپوت 65 برس کی عمر میں دل کا جان لیوا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔معین خان راجپوت شہر کی اسپورٹس تاریخ میں ایک نمایاں مقام رکھتے تھے اور نوجوان کرکٹرز کی تربیت اور رہنمائی میں ان کی خدمات کئی دہائیوں پر محیط تھیں۔مرحوم کی نمازِ جنازہ محبوب کرکٹ گرئو انڈ، یونٹ نمبر 5 لطیف آباد میں ادا کی گئی، جہاں شہر بھر سے کھلاڑی، سابق کرکٹرز، اسپورٹس آرگنائزرز، سیاسی شخصیات اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔گرائو نڈ میں غم کا ماحول نمایاں تھا، اور شریک افراد نے مرحوم کی اعلی کردار، شائستگی اور کھیل کے فروغکیلئے ان کی طویل جدوجہد کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔بعدازاں معین خان راجپوت کی تدفین مقامی قبرستان میں کی گئی

جہاں ان کے چاہنے والوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے نم آنکھوں کے ساتھ انہیں آخری الوداع کہا۔شر کا کا کہناتھا کہ مرحوم نہ صرف ایک بہترین کرکٹر تھے بلکہ نوجوانوں کے لیے ایک شفیق استاد، ہمدرد رہنما اور شائستہ شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔محبوب اسپورٹس کرکٹ کلب کے اراکین کا کہنا تھا کہ معین خان راجپوت کی وفات سے نہ صرف کلب بلکہ شہر کی کرکٹ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنے کیریئر کے دوران سینکڑوں نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کی۔سیاسی و سماجی رہنمائوں نے بھی معین خان راجپوت کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کی مثبت سرگرمیوں کی طرف رہنمائی میں مرحوم کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی