جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور مسٹر 360 کے نام سے مشہور بیٹر اے بی ڈویلیئرز نے بھارت کے دو تجربہ کار بیٹرز روہت شرما اور ویرات کوہلی کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو لال بیگ قرار دیدیا۔آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں روہت شرما نے ایک ففٹی اور ایک سنچری اسکور کی جبکہ ویرات کوہلی ابتدائی دو میچز میں ڈک پر آئوٹ ہونے کے بعد تیسرے میچ میں 74 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔بھارتی ٹیم مینجمنٹ 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے اور اسی پلان کے تحت شبمن گل کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے لیکن کچھ ناقدین کی جانب سے تجربہ کار بیٹرز روہت شرما اور ویرات کوہلی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اپنے فیس بک لائیو سیشن کے دوران اے بی ڈویلیئرز نے تجربہ کار بھارتی بیٹرز کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مجھے نہیں معلوم یہ کس طرح کے لوگ ہیں جو بیٹرز کے کیرئیر کے اختتام پر لال بیگوں کی طرح سوراخوں سے باہر نکل جاتے ہیں۔سابق جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کیوں لوگ ایسے تجربہ کار کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہیں جنہوں نے طویل عرصے تک اپنے ملک کی نمائندگی کی، یہ بہترین وقت ہے کہ ان کھلاڑیوں کو سراہا جائے۔اے بی ڈویلیئرز کا کہنا تھا دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران شدید تنقید کا سامنا کیا، ہر کسی نے دونوں کھلاڑیوں روہت شرما اور ویرات کوہلی کو نیچا دکھانے کی کوشش کی۔سابق پروٹیز کھلاڑی نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل کے عظیم کھلاڑیوں کے خلاف منفی رویے کا مسلسل اظہار نقصاندہ اور ان حمایتوں سے انحراف ہے جن کے وہ حقدار ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی