بھارت اور پاکستان کی بلائنڈ خواتین کرکٹرز نے حالیہ سیاسی کشیدگی کو بلائے طاق رکھتے ہوئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملا کر کھیل کی اصل روح کا اظہار کیا ہے۔ منتظمین کے مطابق سری لنکا میں جاری دنیا کے پہلے بلائنڈ ویمن ٹی20 ٹورنامنٹ میں دونوں پڑوسی ممالک کی کھلاڑیوں نے ثابت کیا کہ اگرچہ ان کی بینائی نہیں، لیکن ان میں اپنی باقاعدہ قومی ٹیموں کے برعکس کھیل کا وژن موجود ہے۔ ستمبر میں مینز ایشیا کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کرکٹرز سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا اور اس کے بعد سے دونوں ٹیموں نے تعلقات بہتر بنانے کی کوئی کوشش نہیں کی۔یہ کشیدگی خواتین ٹیموں تک بھی پہنچی، جنہوں نے حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی نو ہینڈ شیک کو اپنایا اور یہی صورتحال 16 نومبر کو دوحہ میں ہونے والے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے میچ میں بھی دیکھی گئی۔
بلائنڈ بھارتی کھلاڑیوں سے بھی توقع تھی کہ وہ اپنی باقاعدہ ٹیموں کے رویے کی پیروی کریں گی، خاص طور پر اس وقت جب ٹاس کے بعد کوئی ہینڈ شیک نہیں ہوا، مگر میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں نے گرمجوشی سے ایک دوسرے کا خیر مقدم کیا۔ دونوں ٹیمیں ایک ہی بس میں ایک ساتھ سفر کر کے میدان تک پہنچیں اور نہ صرف ہاتھ ملایا بلکہ ایک دوسرے کی دل کھول کر تعریفیں بھی کیں۔ واضح رہے کہ اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی ہے، پاکستان کی جانب سے دیا گیا 136 رنز کا ہدف بھارت نے گیارویں اوور میں حاصل کر لیا تھا، اس سے قبل پاکستان کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 135 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی کپتان نمرا رفیق نے بھارت کو شاندار فتح پر مبارکباد دی، جب کہ بھارتی کپتان ٹی سی دیپیکا نے کہا کہ پاکستان نے بھی اچھی کرکٹ کھیلی۔ کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے لئے بھرپور تالیاں بجائیں، تاہم کسی ٹیم کو میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی