i کھیل

پاکستانی کبڈی کھلاڑی بھارتی ٹیم کا جھنڈا اٹھاکر میدان میں اترگیا، فیڈریشن کا سخت ایکشن کا اعلان،ہنگامی اجلاس طلبتازترین

December 18, 2025

پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللہ کے بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنے، شرٹ پہننے اور بھارتی جھنڈا لہرانے کے معاملے پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔فیڈریشن سیکرٹری رانا سرور نے کہا کہ چیئرمین چوہدری شافع حسین نے 27 دسمبر کو اجلاس طلب کیا ہے، بحرین میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں نے شرکت کی، پاکستان کی یہ قومی ٹیم نہیں تھی اور نہ ہی اس کی اجازت طلب کی گئی، نہ ان کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیا گیا۔سیکرٹری فیڈریشن نے کہا کہ یہ ایک خود ساختہ ٹیم تھی

جس میں پاکستان کا نام استعمال کیا گیا، ایونٹ میں شرکت کے لیے نہ حکومت سے اجازت لی گئی اور نہ ہی فیڈریشن کو بتایا گیا ۔رانا سرور کا کہنا تھا کہ قومی کھلاڑی کا بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنا اور جھنڈا لہرانا ناقابل برداشت ہے، معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور سخت ترین ایکشن لیا جائے گا ،خود ساختہ پروموٹرز کے خلاف بھی ایکشن لیں گے ، کسی کو غیر قانونی ایونٹ کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی صورت میں پاکستان کا نام بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کلبوں میں کئی ممالک کے کھلاڑی ایک ساتھ کھیلتے ہیں ، غیر ملکی ٹیم کی جانب سے کھیلنا اور جھنڈا لہرانا افسوسناک ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی