i کھیل

سمریتی مندھا کا پلاش موچل کیساتھ شادی منسوخ کرنے کا اعلانتازترین

December 08, 2025

بھارتی ویمن کرکٹر سمریتی مندھنا نے میوزک کمپوزر پلاش موچل کے ساتھ باضابطہ طور پر شادی منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سمریتی مندھنا نے انسٹاگرام پر اس معاملے پر بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دونوں خاندانوں نے شادی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی کرکٹر نے ایک مختصر بیان جاری کیا جس میں نجی زندگی کے احترام کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو اپنی اس پوسٹ کے ساتھ ختم کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے میری زندگی کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں اور مجھے محسوس ہوا کہ اب بات کرنا ضروری ہے، میں بہت نجی مزاج کی انسان ہوں اور اسے ویسا ہی رکھنا چاہتی ہوں لیکن مجھے واضح کرنا ہے کہ شادی منسوخ کر دی گئی ہے۔میں چاہتی ہوں کہ اس معاملے کو یہیں ختم کر دیا جائے اور آپ سب سے بھی یہی گزارش ہے۔براہِ کرم اس وقت دونوں خاندانوں کی نجی زندگی کا احترام کریں اور ہمیں اتنی گنجائش دیں کہ ہم اس صورتحال کو اپنی رفتار سے سمجھ سکیں اور آگے بڑھ سکیں۔

سمریتی مندھنا نے اپنی توجہ اور ترجیحات پر بھی روشنی ڈالی کہ مجھے یقین ہے کہ کوئی بلند مقصد ہم سب کو آگے بڑھاتا ہے،اور میرے لیے وہ ہمیشہ اپنے ملک کی نمائندگی اعلی ترین سطح پر کرنا رہا ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ جتنے عرصے ممکن ہو سکے بھارت کیلئے کھیلتی رہوں گی اور ٹرافیاں جیتتی رہوں گی اور میری توجہ ہمیشہ اسی پر رہے گی۔ آپ سب کی حمایت کا شکریہ۔ اب آگے بڑھنے کا وقت ہے۔ واضح رہے کہ سمریتی مندھنا اور پلاش موچل کی شادی ایک ہائی پروفائل تقریب سمجھی جا رہی تھی۔ بھارتی کرکٹر نے DY پاٹیل اسٹیڈیم میں میوزک کمپوزر کی جانب سے سرپرائز پروپوزل کے بعد ان سے منگنی کی تھی۔ شادی کی تاریخ ابتدا میں 23 نومبر 2025 مقرر تھی لیکن تقریب کی صبح بھارتی کرکٹر کے والد کو اچانک طبی مسئلہ پیش آنے اور اسپتال لے جانے کے باعث اسے غیر معینہ مدت کیلئے موخر کر دیا گیا تھا۔ تاہم اس دوران افواہیں تیزی سے پھیلنے لگیں اور پلاش موچل پر بے وفائی کے الزامات لگائے گئے۔ میوزک کمپوزر کے خاندان نے ان الزامات کی تردید کی اور غلط معلومات پھیلانے کی مذمت کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی