i کھیل

سوشل میڈیا انفلوئنسر کا بھارتی کرکٹر پرتھوی شا پر جنسی ہراسانی کا الزام،کرکٹر کی تردید،عدالت کا پولیس کو مزید تحقیقات کا حکمتازترین

December 17, 2025

بھارتی کرکٹر پرتھوی شا نے ممبئی کی ایک عدالت میں سپنا گل کے خلاف اپنے جواب میں کہا کہ ان کے خلاف لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات جھوٹے، بے بنیاد اور فضول ہیں۔ بھارتی میڈیارپورٹ کے مطابق شا نے گل پر الزام لگایا کہ وہ صرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور انہیں پریشان کرنے کیلئے یہ الزامات لگا رہی ہیں۔پرتھوی شا اور سپنا گل کے درمیان 2023 میں ممبئی کے ایک ہوٹل میں سیلفی لینے کی وجہ سے بحث ہوئی تھی۔ اس جھگڑے کے بعد گل کو پولیس نے گرفتار کیا تھا اور شا کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ تاہم، گل نے اپنی شکایت میں کہا کہ پولیس نے ان کی کراس شکایت، جس میں شا پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات تھے، درج نہیں کی۔اس کے بعد گل نے عدالت سے درخواست کی کہ پولیس کو ان کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی جائے۔

پولیس نے جواب دیا کہ شا کے خلاف کوئی جرم نہیں پایا گیا۔ عدالت نے پولیس کو مزید تحقیقات کرنے کی ہدایت دی۔پرتھوی شا نے عدالت میں جمع کرائے گئے حلف نامے میں کہا کہ گل نے اہم حقائق کو چھپایا اور جھوٹے الزامات لگا کر ان کی شہرت کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ شا کا کہنا تھا کہ گل اس مقدمے کا استعمال صرف پبلسٹی کے لیے کر رہی ہیں اور جھوٹے الزامات لگا کر ان سے پیسہ بٹورنے کی کوشش کر رہی ہیں۔گل کے وکیل علی کاشف خان دیش مکھ نے شا کے جواب پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جواب میں کوئی بھی ثبوت یا جواز نہیں پیش کیا گیا جو شا کے دعوے کی حمایت کرتا ہو۔عدالت نے اس کیس کی اگلی سماعت 31 مارچ 2026 تک ملتوی کر دی ہے، جب دونوں طرف کے وکلا اپنے دلائل پیش کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی